ریاض،07/جنوری (آئی این ایس انڈیا)سعودی عرب میں سیاحتی ترقی ساز کمپنیThe Red Sea Development نے آئرلینڈ کی کمپنی DDA International کو بحرِ احمر کے منصوبے کے ہوائی اڈے کا آپریٹر مقرر کیا ہے۔ واضح رہے ک 'ریڈ سی ڈیولپمنٹ کمپنی' مکمل طور پر سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی ملکیت ہے۔
معاہدے کے مطابق مذکوہ آئرش کمپنی ہوائی اڈے پر ایئر فیلڈ اینڈ ٹرمینل آپریشنز، ایوی ایشن سروسز، سہولتوں کے انتظام اور کمرشل سرگرمیوں کے علاوہ کارپوریٹ اور فنانشل سروسز بھی فراہم کرے گی۔
آئرش کمپنی ہوائی اڈے کی آپریشن مینجمنٹ کو تین مختلف مراحل کے ذریعے انجام دے گی۔ دنیا کی آبادی کے 80 % لوگ آٹھ گھنٹوں سے کم عرصے میں بحر احمر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پہنچ سکیں گے۔ سال 2030ء میں منصوبے کی تکمیل کے بعد ہوائی اڈے پر مسافروں کے استقبال کی سالانہ گنجائش دس لاکھ کے قریب ہو گی۔ انتہائی ہجوم کے اوقات میں ایک گھنٹے میں 900 مسافروں کو فارغ کیا جا سکے گا۔
بحر احمر منصوبے کے ہوائی اڈے کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ ایئرکنڈیشن پلانٹ پر انحصار کم کیا جائے۔ ہوائی اڈے پر مختلف نوعیت کے رون وے بنائے جائیں گے۔ مزید برآں ہیلی پیڈز اور آبی طیاروں کے رن وے بھی شامل ہوں گے۔
بحر احمر کے منصوبے کی تکمیل کے بعد یہاں 50 ہوٹلوں کے ذریعے 8 ہزار کمرے اور تقریبا 1300 رہائشی جائیداد دستیاب ہوں گی۔ یہ 22 جزیروں اور 6 داخلی مقامات پر موجود ہوں گی۔